دائمی ترقی کا اصل راز

مارکیٹنگ کا سیدھا سا قانون ہے ڈیمانڈ اینڈ سپلائی یعنی طلب اور رسد۔

اگر کسی چیز کی ڈیمانڈ اور سپلائی دونوں زیادہ ہوں تو آپ ایک اوسط نفع کما سکتے ہیں، کیوں کہ اگر خریدار زیادہ ہیں تو بیچنے والے بھی زیادہ ہیں۔

اگر کسی چیز کی ڈیمانڈ اور سپلائی دونوں ہی کم ہوں تو بھی کچھ نفع کمانے کی صورت ہو سکتی ہے، کیوں کہ خریدار بھی کم ہیں اور بیچنے والے بھی کم ہیں، لہٰذا آپ کچھ لوگوں کو کسٹمر بنانے میں کامیاب ہوسکتے ہیں۔

لیکن اگر ڈیمانڈ کم اور سپلائی زیادہ ہے تو ایسا کاروبار آپ کو نقصان دے گا، کیوں کہ خریدار پہلے سے ہی کم ہیں جب کہ بیچنے والے زیادہ۔

ہاں! سب سے زبردست کاروبار وہ ہے جس میں ڈیمانڈ زیادہ اور سپلائی کم ہو، یہاں آپ زبردست ترقی کر سکتے ہیں۔

تو ثابت ہوا کہ جس چیز کی قلت (shortage) ہو اس کی ڈیمانڈ بڑھ جاتی ہے۔

اب دیکھتے ہیں کہ ہمارے معاشرے میں کس چیز کی طلب (Demand) زیادہ ہے، لیکن رسد (Supply) نہ ہونے کے برابر۔

جی ہاں! ایمان داری کی ڈیمانڈ بہت زیادہ ہے، مگر سپلائی بہت کم، ہر شخص چاہتا ہے کہ اسے ایمان دار لوگ ملیں، اسی طرح سچائی کی ڈیمانڈ بہت زیادہ ہے، اچھے برتاؤ اور اخلاق کی ڈیمانڈ زیادہ ہے غرض ہر نیک صفت کی ڈیمانڈ بہت زیادہ ہے اور

سپلائی بہت ہی کم۔

آپ کوئی سا بھی کام کرتے، چاہے بہت خاص ہو یا بہت عام، معمولی، بس یہ اصول اپنا لیں پھر دیکھیں اللّٰہ تعالیٰ کی برکتیں اور وسعتیں۔

اس ہمت میں ذرا سی مشقت ہی تو ہے، لیکن قسم کھا کر کہا جاسکتا ہے کہ اس کا نفع ہمیشہ ملنے والا ہے۔

پس یہی ہے وہ دائمی ترقی کا عظیم راز۔ یہی ہو وہ کامیابی کی کی کنجی کہ ہم سمجھ جائیں کہ

ڈیمانڈ اور سپلائی کا قانون صرف چیزوں پر ہی نہیں چلتا بلکہ اخلاق و معاملات پر بھی بالکل ویسے ہی مؤثر ہے۔

نوٹ: ان اصولوں کا زبردست فائدہ اس وقت حاصل ہوتا ہے جب ان پر پورے یقین سے عمل کیا جائے اور اللّٰہ تعالیٰ سے اس کے لیے مدد مانگی جائے۔

عملی مشق:

اب کرنے کا کام یہ ہے کہ آپ ان تمام اچھے کاموں کی ایک فہرست بنا لیجیے جن کی معاشرے میں ڈیمانڈ ہے مثلاً سچائی، ایمانداری، اخلاق، خدمت وغیرہ وغیرہ اور اس پر عمل شروع کردیجیے۔ صرف تین مہینے اخلاص سے اس پر عمل کر لیجیے۔ اگر مارکیٹ میں آپ کی ویلیو ہائی نہ ہو جائے تو پھر مجھے جو چاہے سزا دیجیے۔ دیکھیے گا، ہر شخص آپ کی طرح بننے کی خواہش کرے گا۔

آپ یہ لسٹ مجھے بھی بھیج سکتے ہیں انشاء اللہ ہماری ٹیم اس کی ایک تفصیلی لسٹ تیار کرکے سب سے شئیر کرلے گی

Video Link

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *